Warning: Undefined array key "geoplugin_countryName" in /home/u381184473/domains/starasiatv.com/public_html/wp-content/plugins/stylo-core/stylo-core.php on line 96

سوشل میڈیا بچوں کی ذہانت کم کر رہا ہے؛ نئی امریکی تحقیق نے والدین کو خبردار کردیا

اگر آپ کے بچے روزانہ گھنٹوں سوشل میڈیا پر وقت گزارتے ہیں، تو یہ عادت ان کی تعلیمی کارکردگی اور ذہانت کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ یہ انتباہ امریکا میں کی جانے والی کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تازہ ترین طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔

تحقیق کے مطابق 13 سال سے کم عمر بچے جو باقاعدگی سے سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں، وہ مطالعے، یادداشت، اور الفاظ کے ذخیرے (vocabulary) سے متعلق ٹیسٹوں میں کمزور کارکردگی دکھاتے ہیں۔ ماہرین نے بتایا کہ سوشل میڈیا کے استعمال اور دماغی صلاحیت میں کمی کے درمیان واضح تعلق دیکھا گیا ہے۔

اگرچہ ماضی میں زیادہ تر تحقیقات نے سوشل میڈیا کے نفسیاتی اثرات پر توجہ دی، تاہم اس نئی تحقیق نے اس کے تعلیمی اثرات کو جانچا، یعنی اسکول جانے والے بچوں کی کارکردگی پر یہ عادت کس حد تک اثر انداز ہوتی ہے۔

محققین نے بچوں پر کی گئی ایک طویل مدتی تحقیق کا ڈیٹا استعمال کیا، جس میں 9 سے 13 سال کی عمر کے 6 ہزار سے زائد بچے شامل تھے۔ انہیں سوشل میڈیا کے استعمال کی بنیاد پر تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔

پہلا گروپ: ایسے بچے جو سوشل میڈیا بالکل استعمال نہیں کرتے۔

دوسرا گروپ: وہ بچے جو روزانہ تقریباً ایک گھنٹہ سوشل میڈیا پر گزارتے ہیں۔

تیسرا گروپ: وہ بچے جو روزانہ تین گھنٹے یا زیادہ وقت سوشل میڈیا پر صرف کرتے ہیں۔

تحقیق کے دوران تمام بچوں کے دماغی افعال کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ نتائج نے ماہرین کو حیران کر دیا، وہ بچے جو روزانہ صرف ایک گھنٹہ سوشل میڈیا استعمال کرتے تھے، ان کی تعلیمی کارکردگی میں بھی نمایاں تنزلی دیکھی گئی۔

ماہرین کے مطابق ان بچوں کے اسکور میں 4 سے 5 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سوشل میڈیا سے دور رہنے والے بچوں کی کارکردگی بہتر رہی۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ حتیٰ کہ مختصر وقت کے لیے سوشل میڈیا استعمال کرنا بھی بچوں کے دماغی افعال پر منفی اثرات ڈال سکتا ہے۔ بظاہر چند پوائنٹس کی کمی معمولی لگتی ہے، مگر وقت کے ساتھ یہ فرق بڑھ کر سیکھنے اور سوچنے کی صلاحیتوں کو متاثر کر سکتا ہے۔

یہ تحقیق معروف میڈیکل جرنل JAMA میں شائع ہوئی ہے، اور ماہرین نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال کو سختی سے محدود کریں تاکہ ان کی ذہنی نشوونما اور تعلیمی ترقی متاثر نہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں