14 سالہ لڑکی اجتماعی زیادتی کے بعد قتل، لاش کوئلے کی بھٹی میں جلا دی گئی

بھارت میں 14سالہ لڑکی کو اجتماعی جنسی زیادتی کے بعد قتل کرکے لاش جلا دی گئی۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ ہولناک واردات ریاست راجستھان کے ضلع بھیل واڑہ میں ہوئی۔ لڑکی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کوئلے کی بھٹی میں ڈال کر جلا دی گئی۔
مقامی لوگوں کی طرف سے پولیس کو بتایا گیا ہے کہ لڑکی کو قتل کرنے سے پہلے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ پولیس اب تک اس واردات کے الزام میں پانچ لوگوں کو گرفتار کر چکی ہے۔ لڑکی کے بڑے بھائی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ لڑکی صبح 8بجے بکریاں چرانے کے لیے گھر سے نکلی تھی۔ سہ پہر تین بجے بکریاں گھر واپس آ گئیں لیکن لڑکی نہ آئی، جس پر اس کی تلاش شروع کی گئی۔
گھر والے گاﺅں کے دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر لڑکی کو تلاش کرتے رہے ۔ رات 8بجے انہوں نے گاﺅں سے کچھ فاصلے پر واقع کلبیلیا بستی میں موجود ایک کوئلے کی بھٹی کو جلتے ہوئے دیکھا۔ یہ ایک غیرمعمولی واقعہ تھا۔ اس علاقے میں کئی کوئلے کی بھٹیاں موجود ہیں اور برسات کے دنوں میں یہ بھٹیاں بند رہتی ہیں۔معاملے کو مشکوک گردانتے ہوئے گاﺅں والے اس بھٹی پر گئے تو انہیں وہاں لڑکی کے جوتے مل گئے۔ جب لوگوں نے بھٹی کے اندر جھانکا تو انہیں انسانی ہڈیاں نظر آئیں، جس پر انہوں نے پولیس کو کال کر دی اور پولیس نے آ کر بھٹی سے لڑکی کی باقیات نکالیں۔ کوٹری پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او کھیوراج سنگھ کا کہنا ہے کہ ڈی این اے کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں، جن کے نتائج سے لڑکی کی شناخت اور اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی تصدیق ہو سکے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں