پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی کا ماضی خوفناک ہے،خدشہ ہے کہ 8 فروری کو حالات بگڑ نہ جائیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ فائرنگ کے واقعے میں ہمارے 3کارکن زخمی ہوئے جبکہ گاڑیاں بھی جلائی گئیں، اس واقعے کے بعد بھی ہم نے عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا اگر اسی وقت تحقیقات ہو جاتیں تو ایسا واقعہ پیش نہیں آتا، گزشتہ روز کورنگی میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور الیکشن کمیشن معاملے کی تحقیقات کرائیں، شہر کا امن و امان خراب کرنے کا حق نہ مجھے ہے اور نہ کسی اور کو ہونا چاہیے، کراچی میں امن و امان کی بحالی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس پورے معاملے میں بھی پولیس کا کردار مشکوک ہے، ایم کیو ایم کا مقدمہ درج ہوتا ہے مگر ہمارا مقدمہ درج نہیں ہوتا، اس سے پہلے بھی جو چھوٹے چھوٹے واقعات ہوئے ان پر کارروائی نہیں ہوئی، میں نے کہا تھا اگر ان چھوٹے واقعات کو نہ روکا تو کوئی بڑا واقعہ ہو سکتا ہے۔
