پاکستان تحریک انصاف کے سینئررہنما میاں اظہر کا کہنا ہے کہ میں عمران خان کو وزیر اعظم کی شیروانی پہنتے دیکھ رہا ہوں، پاکستان پھر ترقی گا، اقوم عالم میں اپنا نام پیدا کرے گا، ایک اچھا ایماندار اور بہادر لیڈر پاکستان کو ملا ہے عوام اس کے ساتھ ہیں، قائد اعظم کے بعد ہمیں ایک اچھا لیڈر ملا ہے،وی نیوز کوایک انٹرویو میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ اچھا وقت آنے والا ہے ،حماد اظہر جلد اپنی روپوشی ختم کرکے عوام کے سامنے آئیں گے اور جلد وہ پارلیمنٹ کے اندر بھی ہوں گے اور عوامی خدمت کا رول پلے کریں گے
میاں اظہر کا کہنا تھا کہ جب میں نے مسلم لیگ ق بنائی میرے ساتھ چودھری شجاعت اور چودھری پرویز الٰہی نے جو کیا اس کی جزا اور سزا اللہ ہی دے گا، یہ دشمنی نہیں رکھتے تھے لیکن جب وقت آتا تھا تو یہ اپنا کام دکھا دیتے تھے، چودھری پرویزالٰہی ٰ اور چودھری شجاعت ایک ہی چیز ہیں، مونس الٰہی اس وقت بچہ تھا،انکا کہنا تھا کہ نواز شریف کس کے لاڈلے ہیں وہ سب کو پتا ہے اور جو ان کے لاڈ اٹھا رہے ہیں انہیں بھی پتا چل گیا کہ وہ کس طرح ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میں نواز شریف کا دستِ راست تھا لیکن ان کو اصولی باتیں اچھی نہیں لگتیں، جو ٹھیک بات کرتا ہے نوازشریف اسے ناپسند کرتا ہے، میری نواز شریف سے الگ ہونے کی بھی یہی وجہ تھی، ہم عمران خان کے ساتھ ہیں ہم عمران خان کو نہیں چھوڑیں گے، اگر جیل میں ملاقات کی اجازت ملی تو میں عمران خان سے ملنے جاو¿ں گا اور انہیں جیل سے باہر نکالیں گے۔میاں اظہر کا کہنا تھا کہ عمران خان پر جس طرح کے کیسز بنائے ہوئے ہیں وہ ویسے ہی باہر آئیں گے۔ ان پر غلط کیسز بنائے ہوئے ہیں، عوام خان صاحب کو باہر لیکر آئیں گے، عمران خان غلط ہے یا درست اس کا فیصلہ عوام نے ووٹ دے کردیا ہے، 8 فروری کے الیکشن میں جو رزلٹ آیا ہے وہ با اختیار لوگوں کی جانب سے جو ملک میں کیا جا رہا ہے اس پر عدم اعتماد ہے۔ہم اکثریت میں ہیں حکومت بنائیں گے مگر ہماری اکثریت کو شکست میں بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے، مخصوص نشستیں لینے کے حوالے سے پارٹی طریقہ کار بنا رہی ہے ابھی تک کسی چھوٹی جماعت میں جانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا، پنجاب میں بھی ہم جیتے ہوئے ہیں ہمارے لوگوں کو ہی ادھر سے ادھر کیا ہے، نتائج تبدیل ہوئے ہیں ویسے تو ان کے پاس پنجاب میں 30 نشستیں بھی نہیں تھیں،پاکستان تحریک انصاف کی حمایت سے جو لوگ جیتے ہیں وہ اپنا ضمیر نہیں بیچیں گے اگر کسی نے اپنا ضمیر بیچا بھی تو عوام اس کو نہیں چھوڑیں گے ، عوام میں بہت غصہ اور غم ہے اور اب جب رزلٹس کے ساتھ جو کچھ کیا جا رہا ہے لوگوں میں اس کا بہت غصہ ہے، لوگوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن جو نہیں مان رہے ان کے رزلٹ تبدیل کئے جا رہے ہیں، جو لوگ جیتے ہیں ان کے رزلٹ الٹا دیے گئے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ حماد اظہر کے بغیر حلقے میں کمپین کرنا میرے لئے بہت مشکل تھا، میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ میں الیکشن لڑوں گا، میں چاہتا تھا کہ حماد الیکشن لڑتا، میں اسکو ہی پارلیمنٹ میں دیکھنا چاہتا ہوں، اسکو عدالت سے الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ملی تو مجھے اس حلقے سے الیکشن لڑنا پڑا۔میرے حلقے میں جتنے بھی پولیس سٹیشن تھے وہ میرے مخالفوں کے ہاتھ میں تھے، پولیس ہمارے پیچھے پیچھے ہوتی تھی ہمارے ورکرز کو گرفتار کر لیتی تھی ان حالات کے باوجود لوگوں نے باہر نکل کر ہمیں ووٹ کیا ہے، عوام نے نہ صرف مجھے ووٹ کیا بلکہ پورے پاکستان میں لوگوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ کیا، میں عوام کا بے حد مشکور ہوں کہ جس طرح یہ الیکشن ہوا ہے اور لوگوں نے ووٹ کاسٹ کیا ہے، نگران حکومت نے ہمارے ساتھ جو کیا سب کے سامنے ہے مگر عوام عمران خان کے ساتھ ہے۔
