مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرا دل چاہتا ہے ہارون آباد والوں کو پیشگی مبارک باد دوں اور بانی پی ٹی آئی پر بھرپور طنز کا وار کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق ہارون آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم نہیں تھا ہارون آباد سابقہ جلسوں کا ریکارڈ توڑ دے گا، دل چاہتا ہے ہارون آباد والوں کو پیشگی مبارک باد دوں۔ تبدیلی نے پاکستان کا کیا حشر کیا کہ 25 روپے کی ایک روٹی ملتی ہے، تبدیلی نے عوام کیساتھ یہ سلوک کیا ہے۔ نوازشریف کے دور میں گیس اور بجلی سستی تھی۔ 25 روپے میں 5 روٹیاں ملتی تھیں۔ چینی 35 روپے کلو تھی آج 150 روپے کلو ہے۔ میرے دور میں جس کا بل ایک ہزار روپے آتا تھا آج 20 ہزار روپے آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایٹمی دھماکے کرتے ہیں یہ شہدا کے مجسمے جلاتے ہیں، میں نے بہت ستم سہے لیکن قومی سلامتی پر حملہ نہیں کیا۔ کسان میرے عزیز بھائی ہیں، ان سے پوچھیں نوازشریف کے دور میں ٹریکٹر کتنے کا تھا، صرف آٹھ لاکھ روپے کا، آج ٹریکٹر 40 لاکھ روپے کا ہے ۔ میرے دور میں یوریا 1300 روپے کا تھا، آج 5 ہزار روپے کا ہے۔ کسانو، بولو میرا دور یاد آتا ہے یا نہیں۔ ہمارے دور میں ڈالر 104 روپے کا تھا، آج 280 روپے کا ہے۔ نوازشریف یاد آتا ہے یا نہیں۔ شہباز اور نوازشریف کے دور میں دوائیں مفت ملتی تھیں۔ ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا تھا۔ انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان پر طنز کا وار کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں یہ لوگ دوسرے ممالک سے مانگتے پھرتے تھے۔
