پیپلز پارٹی کےرہنماسعید غنی نےمسلم لیگ( ن) اور ایم کیو ایم کو ’’پیر بھائی‘‘ قرار دے دیا ۔مسلم لیگ (ن )اور متحدہ قومی موومنٹ کے اتحاد پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن )اور ایم کیو ایم پیر بھائی ہیں، ان کا اتحاد پرانا ہے، (ن) لیگ پنجاب میں اور متحدہ کراچی میں اپنی غیرمقبولیت سے پریشان ہے۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف اتحاد کوئی نئی بات نہیں، پیپلز پارٹی کے خلاف اتحاد بنانے والے پی پی پی کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں۔خیال رہے کہ خواجہ سعد رفیق نے فاروق ستار کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ8 فروری کےالیکشن میں( ن) لیگ اور ایم کیوایم مل کر حصہ لیں گی ، نوازشریف کی دعوت پر ایم کیوایم کے دوست ملاقات کے لیے تشریف لائے ہیں، معاشی بحران سے نکلنے کیلئے وسیع اشتراک عمل کی ضرورت ہے ،دونوں جانب سے کمیٹیوں کا بھی اعلان کیاجا ئے گا۔
