بھارت کی انسداد دہشت گردی ایجنسی نے ایک سکھ علیٰحدگی پسند رہنماکے خلاف ایئرانڈیا کو دھمکی دینے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔ گرپتونت سنگھ پنوں نامی اس سکھ رہنماکی طرف سے دھمکی دی گئی تھی کہ وہ ایئرانڈیا کو دنیا میں کہیں بھی کام نہیں کرنے دیں گے۔ ان کی طرف سے ایئرانڈیا کے مسافروں کو متنبہ کیا گیا تھا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔ ایجنسی نے کہا ہے کہ گرپتونت سنگھ پنوں کی اس دھمکی کے بعد سیکیورٹی فورسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ گرپتونت سنگھ پنوں ’سکھس فار جسٹس‘ (ایس ایف جے) کے جنرل کونسلر ہیں۔ ایف ایف جے نامی یہ گروپ بھارت سے آزادی حاصل کرنے اور آزاد سکھ وطن خالصتان قائم کرنے کی مہم چلا رہا ہے۔گرپتونت سنگھ پنوں کی طرف سے ایئرانڈیا کو یہ دھمکی 4نومبر کو جاری کیے گئے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں دی تھی۔ ویڈیو میں انہوں نے سکھوں پر زور دیا تھا کہ وہ اتوار سے ایئرانڈیا کی پروازوں میں سفر نہ کریں کیونکہ ان کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق گرپتونت سنگھ پنوں امریکہ میں مقیم ہیں اور ان کے پاس امریکہ اور کینیڈا دونوں ممالک کی شہریت ہے۔
