متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے آئینی ترمیم کا مسودہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کمیٹی کے حوالے کردیا۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کا وفد سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کی زیر قیادت اسلام آباد میں ن لیگی سیکریٹری جنرل احسن اقبال کی رہائش گاہ پہنچا۔ وفد میں امین الحق اور مصطفیٰ کمال شامل تھے۔مصطفیٰ کمال نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق امور پر اجلاس میں بریفنگ دی، اس دوران کراچی اور حیدر آباد کے حلقوں اور مسائل کا تذکرہ بھی کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پورے پاکستان میں جائیں گے اور نظام سے متعلق آگاہی دیں گے، سب کو بتائیں گے کہ یہ 25 کروڑ عوام کی دستاویز ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ یہ ہمارا ذاتی نہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود کا ایجنڈا ہے۔ن لیگی رہنماؤں نے ایم کیو ایم کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو سراہا، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آپ نے اچھا مسودہ تیار کیا ہے، قابل عمل تجاویز ہیں۔
