علیمہ خان کا بشریٰ بی بی کی لیک ہونے والی آڈیو پر رد عمل آ گیا، کس امریکی شخصیت کی مثال دی؟

سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور لطیف کھوسہ کی لیک ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو پر علیمہ خان نے ردعمل دے دیا۔نجی ٹی وی کےمطابق عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہےکہ ان کی شرم حیا ختم ہو چکی، اب یہ گھروں تک پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے سابق امریکی صدر نکسن کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کو لوگوں کی نجی گفتگو ریکارڈ کرنے پر نااہل کر کے آفس سے نکال دیا گیا تھا، وجہ یہ تھی کہ کسی کی پرائیویسی کے اندر مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں۔ علیمہ خان نے کہا کہ اس سے پہلے عوام کی چادر اور چار دیواری کی حدود توڑتے ہوئے خواتین کی بے حرمتی کی گئی، اب عورتوں کو گھسیٹ کر باہر لے آئیں گے، پھر تماشا بنائیں گے۔ سابق چیف جسٹس پاکستان کی ساس کی گفتگو بھی لیک کی گئی، اگر یہی برتاؤ جاری رہا تو ہو سکتا ہے کہ کل کو آڈیو لیک کرنے والوں کی خواتین کی آڈیوز بھی سرعام باہر آ جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں