اپنے بچوں کا استحصال کرنے کے الزام میں گرفتار ہونے والی امریکی یوٹیوبر روبی فرینک کے شوہر نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔ ویب سائٹ’پیج سکس ڈاٹ کام‘ کے مطابق روبی فرینک کو تین ماہ قبل اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب ان کی اپنے بچوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو منظرعام پر آئی تھی۔روبی کے شوہر کیون فرینک نے امریکی ریاست اوٹاہ کی ایک عدالت میں طلاق کے لیے درخواست دی ہے۔ عدالت کے ایک کلرک کی طرف سے پیج سکس ڈاٹ کام کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیون فرینک کی درخواست کی تصدیق کی گئی ہے۔کلرک نے بتایا ہے کہ اس کیس سے متعلق دستاویزات سربمہر اور پرائیویٹ ہیں، کیونکہ میاں بیوی کی طرف سے اس حوالے سے تفصیلات تاحال سامنے نہیں لائی گئیں۔کیون اور روبی کے 6بچے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں میاں بیوی خفیہ طور پر ایک سال سے الگ رہ رہے تھے۔ تاہم دونوں میں طلاق نہیں ہوئی تھی۔ روبی پر بچوں کا استحصال کرنے کا الزام عائد ہونے کے بعد کیون کی طرف سے طلاق کا فیصلہ کیا گیا اور انہوں نے عدالت سے رجوع کر لیا۔
