اسلام آباد میں مبینہ طور پر قتل کی گئی طالبہ کو ٹوبہ ٹیک سنگھ سے زندہ برآمد کر لیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق 20 اکتوبر کو اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں زرعی یونیورسٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ کی نوجوان طالبہ کو اغواء کے بعد قتل کرنے کا مقدمہ درج ہوا، جس میں نامزد ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ، ملزمان کی والدہ کی اپیل پر آئی جی اسلام آباد نے معاملے کی انکوائری کا حکم جاری کیا، جب اس کی انکوائری کی گئی تو انکشاف ہوا کہ یہ مقدمہ ہی جھوٹا اور جس لڑکی کو قتل کرنے کا مقدمہ درج کروایا گیا وہ لڑکی ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ہی ہے ، وہ لڑکی کبھی اسلام آباد آئی ہی نہیں اور نہ ہی اس کی ملزمان سے کوئی ملاقات ہوئی۔عدالت نے ثبوت سامنے آنے پر ملزمان کو باعزت بری کر دیا تھا تاہم جھوٹا مقدمہ درج کروانے والی خاتون کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ بتایا جارہاہے کہ سی ڈی اے کے ایک افسر کے اثرو رسوخ پر یہ مقدمہ درج کیا گیا تھا، ان کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔
