معروف پاکستانی اداکارہ، میزبان، ڈائریکٹراور پروڈیوسر نوشین مسعود انتقال کر گئیں۔جیو ٹی وی کے مشہور ڈرامہ سیریل ’ڈولی کی آئے گی بارات‘ میں صبا کا کردار نبھانے والی نوشین مسعود کافی عرصہ سے بیمار تھیں، اداکارہ کے سابق شوہر طارق قریشی کے مطابق نوشین مسعود گزشتہ کچھ عرصے سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا اور زیرِ علاج تھیں، ان کا آج صبح انتقال ہوا۔ اس کےعلاوہ اداکار عدنان صدیقی نےبھی سوشل میڈیا پر نوشین مسعود کے انتقال کی خبر شیئر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔ نوشین مسعود نے ڈرامہ سیریل جال، کالونی 1952ء، گھر تو آخر اپنا ہے، ڈولی کی آئے گی بارات سمیت مختلف ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جبکہ انداز اپنا اپنا سمیت مختلف پروگرامز میں میزبانی کی خدمات انجام دیں۔اس علاوہ نوشین مسعود نے جنون، شہزاد رائے، جنید جمشید، عامر ذکی، جواد احمد سمیت کئی معروف گلوکاروں کی میوزک ویڈیوز بھی ڈائریکٹ کیں۔
