جہیز میں بی ایم ڈبلیو کار کی ڈیمانڈ،لیڈی ڈاکٹر نے خودکشی کرلی

بھارتی ریاست کیرالہ میں نوجوان لیڈی ڈاکٹر نے جہیز کے مطالبے پر اپنے ہاتھوں زندگی کا خاتمہ کرلیا۔بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کیرالہ کی رہائشی ڈاکٹر شاہانہ اپنے ہم جماعت ڈاکٹر ای اے رویس سے محبت کرتی تھیں۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد جب شاہانہ نے رویس سے رشتہ مانگنے گھر والوں کو بھیجنے کا کہا تو وہ ہوا کہ شاہانہ کے پاؤں کے نیچے سے زمین نکل گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق شاہانہ کے والد بیرون ملک ملازمت کرتے تھے لیکن ان کا انتقال دو سال قبل ہی ہوگیا تھا۔ شاہانہ اپنی ماں اور بھائی کے ساتھ رہ رہی تھی اور ساتھ ہی ملازمت کرکے گھر کی ذمہ داریاں پوری کرتی تھی۔ای اے رویس نے اپنے گھر والوں کو رشتہ مانگنے کے لیے تو بھیج دیا لیکن آخری لمحات میں جہیز کی ڈیمانڈ بھی کردی اور مطالبات پورے نہ ہونے پر شادی منسوخ کرنے کی دھمکی بھی دیدی. شاہانہ کی والدہ نے جہیز میں بھاری سونا، 15 ایکڑ زمین اور بی ایم ڈبلیو کار کا مطالبہ پورا کرنے سے معذوری ظاہر کی تو ڈاکٹر ای اے رویس اور اس کے والدین نے شادی منسوخ کردی۔شاہانہ کو اپنے بوائے فرینڈ کے رویے نے غمزدہ کردیا اور دلبرداشتہ ہوکر انہوں نے خودکشی کرلی۔ لاش کے پاس سے ملنے والی تحریر میں لکھا تھا کہ شادی کے نام پر ہرکوئی بس پیسا چاہتا ہے۔پولیس نے جہیز مانگنے پر ڈاکٹر اے ای رویس کو حراست میں لے لیا جب کہ وزیر صحت نے بھی رپورٹ طلب کرکے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں