اسلام آباد میں مونچھوں کو تاﺅ دینے پر ہونے والا جھگڑا مزید 6زندگیاں نگل گیا۔ نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق مونچھوں کو تاﺅ دینے پر شروع ہونے والی یہ لڑائی اب خاندانی دشمنی میں بدل چکی ہے، جس میں مخالفین نے گزشتہ روز فائرنگ کرکے مسلم لیگ ن کے رہنماءاور سابق یو سی چیئرمین ابرار شاہ اور ان کے بیٹے حمزہ شاہ سمیت 6لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔مقتولین میں ابرار شاہ کا ڈرائیور اور سکیورٹی گارڈ بھی شامل ہیں۔ حمزہ شاہ گاڑی چلا رہا تھا جبکہ ابرار شاہ ساتھ والی سیٹ پر بیٹھے تھے۔ ڈرائیور اور سکیورٹی گارڈز گاڑی کی پچھلی سیٹوں پر بیٹھے تھے۔ گھات لگاکر بیٹھے دشمنوں نے گاڑی پر 86گولیاں فائر کیں۔ 2021ءمیں بھی یہ دشمنی ایک شخص کی جان لے چکی ہے۔ قتل کی تمام وارداتوں کے مقدمات تھانہ کورال اور تھانہ شہزاد ٹاﺅن میں درج کیے گئے ہیں۔
