پاکستان کی معروف اداکارہ سجل علی اور احد رضا میر کی طلاق کی تصدیق ہوگئی

پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کی ایک اور معروف جوڑی میں طلاق کی تصدیق ہو گئی ہے ، اداکار رضامیر اور سجل نے راہیں جدا کرتے ہوئے اپنے اپنے راستے کا انتخاب کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معروف اداکارہ ریشم نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کے دوران اداکار رضا میر اور سجل کے درمیان طلاق کی تصدیق کر دی ہے ۔دورانِ گفتگو اداکارہ نے شوبز انڈسٹری کے جوڑوں میں ہونے والی طلاقوں پر بھی بات کی اور بڑھتی ہوئی طلاق کی شرح کو افسوس ناک قرار دیا۔دورانِ انٹرویو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کل شادی کی عمر صرف سال، ڈیڑھ سال یا دو سال ہی نظر آتی ہے اس کے بعد شادیاں ٹوٹ رہی ہیں۔اداکارہ نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں بھی 7 سے 8 شادیاں ٹوٹیں جن کا مجھے بہت دکھ ہوا ہے، کیونکہ میں اپنے ساتھی فنکاروں سے بہت پیار کرتی ہوں۔ریشم نے گفتگو جاری رکھتے ہوئے تصدیق کی کہ فنکار جوڑی سجل علی اور احد رضا میر کی شادی ختم ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ سجل کی شادی ٹوٹی تو بہت دکھ ہوا، مجھے اس سے بہت پیار ہے وہ مجھے بہت اچھی لگتی ہے، اس کے ساتھ میں نے کام بھی کیا ہے۔ریشم نے اداکار عمران اشرف اور ماڈل کرن اشفاق کی شادی ختم ہونے پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے علاوہ شوبز میں یا اس سے باہر جو شادیاں ختم ہوئیں ان کا مجھے بہت دکھ ہے، وہ ٹوٹنی نہیں چاہیے تھیں۔خیال رہے کہ مارچ 2020 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے اداکار احد رضا میر اور اداکارہ سجل علی کی جوڑی شوبز انڈسٹری کی پسندیدہ جوڑیوں میں سے ایک تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں