رواں سال لاہوریوں نے کس ٹریفک قانون کی سب سے زیادہ خلاف ورزی کی؟ لاہور ٹریفک پولیس کی طرف سے عقدہ کھول دیا گیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری کیے گئے اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ لاہور میں سب سے زیادہ خلاف ورزی ہیلمٹ کی پابندی کی ہوئی۔ رواں سال مجموعی طور پر 22لاکھ 64ہزار موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ کے بغیر پکڑے گئے۔اعدادوشمار کے مطابق لاہور میں رواں سال 48لاکھ شہریوں نے مختلف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی۔سی ٹی او عمارہ اطہر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ رواں سال اب تک 20لاکھ 23ہزار کار سواروں کو لین کاٹنے، سٹاپ لائن اور زیبرا کراسنگ کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانے کیے گئے۔12لاکھ افراد کوغلط پارکنگ، 85ہزار کو ون وے کی خلاف ورزی، 39ہزار کو سگنل توڑنے، 31ہزار ڈرائیورز کو سیٹ بیلٹ نہ باندھنے، 48ہزار کو دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے، 49ہزار کو خطرناک انداز میں ڈرائیونگ کرنے، 4ہزار کو گاڑیوں کے شیشے سیاہ کرنے اور 1لاکھ 36ہزار کو دیگر قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانے کیے گئے۔
