بھارت میں آئی ٹی انڈسٹری سے وابستہ ایک معروف خاتون نے اپنے 4سالہ بیٹے کو قتل کر دیا۔بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق اس 39سالہ خاتون کا نام سچانا سیٹھ ہے۔ بنگلور کی رہائشی یہ خاتون مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کی ماہر ہے اور اس شعبے میں ایک کمپنی کی بانی بھی ہے۔ اسے 2021ءمیں ’اے آئی ایتھکس میں 100ذہین ترین خواتین‘ کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا تھا۔ ٹی وی کے مطابق سچانا سیٹھ نے بھارت کے شہر گووا میں تھی جہاں اس نے اپنے بیٹے کو قتل کیا اور اس کی لاش بیگ میں ڈال کر اپنے ساتھ ریاست کرناٹک لے گئی۔ملزمہ گووا کے علاقے کینڈولم کے ایک ہوٹل میں قیام پذیر تھی جہاںا س نے یہ واردات کی۔تاحال ملزمہ کی اس گھناﺅنی واردات کا محرک سامنے نہیں آ سکا لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کا اپنے شوہر کے ساتھ جھگڑا چل رہا تھا اور دونوں الگ رہ رہے تھے۔ ممکنہ طور پر یہی اس کے جرم کا سبب ہو سکتا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ اور اس کے شوہر ونکت رمن کے درمیان طلاق کی کارروائی چل رہی تھی تاہم ملزمہ طلاق لینے پر خوش نہیں تھی۔اس کا شوہر بھی ایک ’اے آئی ڈویلپر‘ ہے اور ان دنوں انڈونیشیاءمیں قیام پذیر ہے۔رپورٹ کے مطابق ملزمہ نے ہوٹل سے چیک آﺅٹ کرتے ہوئے عملے سے بنگلور کے لیے ٹیکسی بک کرنے کو کہا۔ عملے نے اسے پرواز کے ذریعے جانے کی ہدایت کی مگر وہ ٹیکسی کے ذریعے جانے پر مصر رہی، جب عملے نے اس کے ساتھ اس کے بیٹے کو نہ پایا تو انہیں شک ہوا۔ ہوٹل کے کمرے میں بھی خون کے دھبے پائے گئے جس پر ہوٹل کے عملے نے پولیس کو رپورٹ کر دی۔ پولیس نے ٹیکسی ڈرائیور سے فون پر رابطہ کیا ۔ پولیس نے ٹیکسی ڈرائیور سے مقامی زبان میں بات کی تاکہ ملزمہ ان کی گفتگو نہ سمجھ سکے۔ پولیس نے ٹیکسی ڈرائیور کو تمام صورتحال بتائی اور کہا کہ وہ خاتون کو کچھ بھی نہ بتائے اور ٹیکسی قریبی پولیس سٹیشن لے جائے۔ ڈرائیور نے ایسا ہی کیا۔ وہ بنگلور سے 200کلومیٹر کے فاصلے پرواقع شہر چترادرگا کے قریب تھے۔ ٹیکسی ڈرائیور پولیس کے کہنے پر ٹیکسی چترا درگا پولیس سٹیشن لے گیا جہاں پولیس نے خاتون کو گرفتار کرکے بیگ کی تلاشی لی تو اس میں سے بچے کی لاش برآمد ہو گئی۔پولیس نے ملزمہ کے شوہر سے رابطہ کرکے اسے فوری طور پر بھارت واپس آنے کو کہہ دیا ہے اور واردات کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
