عالمی عدالت انصاف میں سماعت کے دوسرے روز اسرائیل نے غزہ میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار حماس کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حماس ہے جس کی وجہ سے فلسطینی عتاب کا شکار ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کی جانب سے دائر درخواست پر عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی نسل کشی پر سماعت میں اسرائیل اپنی ڈھٹائی پر قائم رہا۔اسرائیل نے عالمی عدالت میں غزہ میں ہونے والی معصوم خواتین اور بچوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار جدوجہدِ آزادیٔ فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کو ٹھہراتے ہوئے جنگ جاری رہنے کا عندیہ دیا۔بعد ازاں اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے خلاف عالمی ادارہ انصاف میں جنوبی افریقا کی جانب سے دائر مقدمے کی سماعت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی شیطانی چکر یا عالمی طاقت ہمیں جنگ میں فتح تک غزہ میں کارروائی سے نہیں روک سکتی۔
