مسافر طالبہ کو ہراساں کرنے پر ایک ٹیکسی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق متاثرہ طالبہ کی طرف سے پولیس ہیلپ لائن 15پر کال کرکے اس واقعے کی رپورٹ کی گئی تھی۔ طالبہ نے یونیورسٹی جانے کے لیے آن لائن ٹیکسی منگوائی تھی جس کے ڈرائیور نے راستے میں طالبہ کو ہراساں کرنا شروع کر دیا۔
طالبہ کے پولیس کو رپورٹ کرنے پر سیف سٹی ٹیم نے فوری طور پر نواب ٹاﺅن پولیس کو موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی جنہوں نے طالبہ کو ریسکیو کیا۔سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج میں طالبہ کو چلتی ہوئی ٹیکسی سے اترتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ طالبہ ٹیکسی سے اتر کر غصے سے دروازہ بند کرتی ہے۔اس ویڈیو سے گاڑی کا سراغ لگا کر پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ سیف سٹی ترجمان کی طرف سے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پولیس زیرحراست ڈرائیور سے تفتیش کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال پنجاب یونیورسٹی کی ایک طالبہ کے ساتھ ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جسے ایک رکشہ ڈرائیور نے ہراساں کیا تھا۔
