نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیاہے ۔نجی ٹی وی جیونیوز نے ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ ذکاء اشرف کے استعفے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو پی سی بی کا چیئرمین تعینات کر نے کا فیصلہ کیا گیاہے ، محسن نقوی کو بورڈ آف گورنرز میں بطور پیٹرنز نمائندہ نامزد کیا جائے گا ۔یاد رہے کہ ذکاء اشرف نے دو دن قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا تاہم ابھی تک ان کا استعفیٰ منظور نہیں ہوا، استعفیٰ منظور ہونے کے بعد پی سی بی چیئرمین کا اضافی چارج چیف الیکشن کمشنر کے پاس چلا جائے گا ، انہیں 4 فروری تک نیا بورڈ آف گورنرز بنا کر الیکشن کروانے ہوں گے ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بین الصوبائی رابطہ کمیٹی نے ذکاء اشرف کے اختیارات محدود کرتے ہوئے انہیں اہم فیصلے کرنے سے روک دیا تھا، ذکاء اشرف نے کمیٹی کے اجلاس کے دوران اپنی کارکردگی کی ایک جامع رپورٹ پیش کی اور میٹنگ کے آخر میں استعفیٰ دینے کا اعلان کیا، ذکاء اشرف کے بعد چیئرمین پی سی بی کیلئے مضبوط امیدوار مصطفیٰ رمدے کو قرار دیا جا رہا تھا لیکن اب محسن نقوی کا نام گردش کرنے لگا ہے ۔
