سندھ ہائی کورٹ نے 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات تک حکومت کو ملک میں انٹرنیٹ بند کرنے سے روک دیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق عدالت عالیہ کی طرف سے حکومت کو حکم دیاگیا ہے کہ 8فروری تک شہریوں کو انٹرنیٹ کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ سندھ ہائی کورٹ کی طرف سے یہ حکم انسانی حقوق کے کارکن جبران ناصر کی پٹیشن پر جاری کیا گیا۔عدالت کی طرف سے متعلقہ فریقین کو اس حوالے سے 29جنوری تک اپنا ردعمل جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں متعدد بار ملک میں انٹرنیٹ بند کیا جا چکا ہے۔ آخری بار 20جنوری کو انٹرنیٹ کی بندش ہوئی جس کے متعلق پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) نے کہا کہ ملک میں انٹرنیٹ تکنیکی خرابی کی وجہ سے بند ہوا۔ تاہم جبران ناصر کی طرف سے پٹیشن میں کہا گیا کہ حکام کی طرف سے ایک سیاسی جماعت کو نشانہ بنانے کے لیے انٹرنیٹ بند کیا جاتا ہے۔
