پشاور ہائیکورٹ نے سپیکر صوبائی اسمبلی کو مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی سے حلف لینے کی ہدایت کردی۔درخواستیں پختونخوا اسمبلی میں نو منتخب پی پی پی، مسلم لیگ ن، جے یو آئی کی مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران نے دائر کی تھی ۔سماعت جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد پرمشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔دونوں جانب سے مختلف دلائل پیش کیے گئے عدالت کی جانب سے بھی مختلف سوالات اٹھائے گئے۔دورانِ سماعت ایڈووکیٹ جنرل نے کہا ہم نے ان کے حلف سے انکار نہیں کیا ، عدالت نے پوچھا آپ کب اجلاس بلانے کی ریکوزیشن کر رہے ہیں؟ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا انہیں ابھی تک اس کی کوئی اطلاع نہیں ، 28 مارچ کو کے پی کابینہ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے ، شاید اس میں اسمبلی اجلاس سے متعلق کوئی فیصلہ ہو۔عدالت نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ 2 اپریل تک آپ اجلاس نہیں بلائیں گے۔ تاہم عدالت نے سماعت مکمل ہونے پر سپیکر صوبائی اسمبلی کو مخصوص نشستوں پر نومنتخب ارکان اسمبلی سے حلف لینے کی ہدایت کردی اور انہیں حکم دیا ہے کہ وہ درخواست گزاروں کا آنے والے سینیٹ الیکشن میں ووٹ ڈالنے کی اجازت کے ساتھ ساتھ اسے اس عمل میں سہولت فراہم کرے ۔
