انسداد سمگلنگ اجلاس:کرپٹ افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت غیر قانونی سرگرمیوں اور سمگلنگ کے خلاف اقدامات سے متعلق اجلاس کااعلامیہ جاری کردیا گیا۔اجلاس میں کرپٹ افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی کابینہ کے ارکان، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور اعلیٰ سطح کے سرکاری افسران نے شرکت کی،اجلاس کا ایجنڈا “غیر قانونی سرگرمیوں اور جرائم پیشہ مافیاز کے خلاف اقدامات” تھا۔شرکاء کو جرائم پیشہ مافیاز، سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے خلاف کیے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں سمگلروں، ذخیرہ اندوزوں اور مارکیٹ میں ہیرا پھیری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا گیا جنہوں نے معاشی رفتار کو متاثر کیا،شرکا نے ایسی کاروائیوں کی اہمیت، ان کے معیشت اور عوامی بہبود پراثرات کو سراہا۔اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان اینٹی پاور تھیفٹ پالیسی، پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی جدید خطوط پر ری سٹرکچرنگ، بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لیے سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے معاہدوں کی منظوری دی گئی۔آرمی چیف نے ملک کی معاشی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات کی حمایت کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ تمام سٹیک ہولڈرز غیر قانونی سرگرمیوں اور مافیاز کے خلاف مختلف اقدامات کو بھرپور طریقے سے آگے بڑھائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

seven − seven =