سابق صدر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مالک صرف سویلین ہیں، حقیقی آزادی خوداری سے ملتی ہے، عمران خان جیل میں رہےگا مگر ڈیل نہیں کرے گا، اس وقت نظریں عدلیہ کی طرف ہیں،6 ججز نے آواز اٹھائی ہے۔کراچی کے تاجروں نےبھی کہا قیدی نمبر 804 سے بات کریں،ملک میں عبوری بحران ہے جو ختم ہوجائےگا۔سیالکوٹ میں ڈسٹرکٹ بار کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ میرا واسطہ بہت پرانا ہے، ان سے پوچھا کہ ہم بندگلی میں تو نہیں چلےگئے؟ تو انہوں نے جواب دیا راستہ نکلےگا۔عارف علوی نےکہا کہ جب کوئی بندگلی میں چلاجائے تو معاملات تباہی کی طرف جاتے ہیں، سیاسی جماعت اس لیے بناتے ہیں کہ راستہ نکلتا ہے، عمران خان اس لیےکہتے ہیں آئین کے بغیر کوئی راستہ نہیں، وہ کہتے ہیں کہ بات چیت کےعلاوہ کوئی راستہ نہیں اور بات چیت حل ہے۔ 9 مئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ساری پارٹی کو کیوں سزا دی جارہی ہے؟ 9 مئی میں جو لوگ ملوث تھے اس کی تحقیقات ہونی چاہیے مگر کبھی یک طرفہ فیصلہ نہ کریں، ہمارےپاس9 مئی کےثبوت ہیں، پاکستان میں حادثاتی جمہوریت بنی ہے، شرم کی بات ہے دو کروڑ سےاوپر بچےسکولوں سے باہر ہیں۔عارف علوی نے کہا کہ اس وقت نظریں عدلیہ کی طرف ہیں،6 ججز نے آواز اٹھائی ہے، ہمیں معلوم ہے محتلف بار ایسوسی ایشنز میں انتشار کی شرارت ہو رہی ہے۔سعودی عرب ہمارا بھائی ہے اور ان کے جو وفد آرہے ہیں ان کو خوش آمدید کہتے ہیں، ہم سی پیک کو بھی سپورٹ کرتے ہیں۔
