سانحہ9مئی کے مقدمات میں گرفتار ملزمان کا سامان بیچنے کے جرم میں گرفتار ملزم صداقت کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔سینئرسول جج وقار احمد سدھو نے گرفتار پولیس کانسٹیبل کوعارضی طور پر جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیا،تھانہ نیوٹاؤن کے سب انسپکٹر عمر صدیق نے صداقت احمد سواتی کو عدالت میں 2روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا۔کیس کے تفتیشی نے مؤقف اپنایا کہ مقدمے میں دفعہ409شامل کر دی گئی ہے جو اینٹی کرپشن کا شیڈول جرم ہے،لہٰذا اینٹی کرپشن کو تفتیش کی منتقلی تک ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا جائے،عدالت نے پولیس کی استدعا پر ملزم کو8جولائی تک اڈیالہ جیل بھجوا دیا ۔خیال رہے کہ تھانہ نیوٹاؤن پولیس راولپنڈی نے پولیس کانسٹیبل صداقت کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ406اور155-Cکے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا تھا ،تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے 9 مئی کے واقعہ کے بعدمقدمہ نمبر 2106 میں 33 ملزمان کو گرفتار کیا تھا ،ملزمان سے جمع کی گئی قیمتی اشیاء میں موبائل فونز، پاسپورٹ، گاڑیوں کی رجسٹریشن بکس، اے ٹی ایم کارڈز، قیمتی گھڑیاں، سونے کی چینز وغیرہ شامل تھیں۔
