محکمہ خوراک پنجاب نے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں کے برعکس زیادہ قیمت پر آٹا فروخت کرنےوالی نو فلور ملوں کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک مل کا لائسنس معطل کر دیا۔یہ بات ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شاہد کھوکھر نے اتوار کو یہاں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔انہوں نے بتایا کہ آٹے کی مقررہ کردہ نرخوں کے برعکس فروخت کے خلاف محکمہ خوراک کی ٹیموں کا صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اس سلسلہ میں ملتان ڈویژن بھر میں بھی فلور ملوں کی نگرانی کی جا رہی ہے،رواں ماہ جولائی کے دوران زیادہ قیمت پر آٹا فروخت کرنے پر نو فلور ملز کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے،ایک فلور مل کا لائسنس معطل کیا گیا جبکہ زیادہ قیمت پر آٹا فروخت کرنے پر145000 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جن فلور ملز کو شو کازنوٹسز جاری کئے گئے،ان کی طرف سے تسلی بخش جواب نہ آنے پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ مارکیٹ میں آٹے کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور شہریوں کو مقررہ قیمتوں پر آٹا کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں 129 فلور ملیں ہیں، جن میں سے 69 چل رہی ہیں،ضلع ملتان میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 820 روپے،20 کلو گرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 1640 روپے جبکہ لودھراں، وہاڑی اور خانیوال میں دس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 780 روپے اور 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1560 روپے ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ملتان نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز (DFCs)اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز (AFCs)آٹے کی مقرر کردہ سرکاری قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے فلور ملوں اور دکانوں کے باقاعدہ دورےکر رہے ہیں۔شاہد کھوکھر نے بتایا کہ آٹے کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے ہر ماہ مختلف فلور ملوں سے آٹے کے نمونے باقاعدگی سے اکٹھے کر کے چیک کئے جاتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈویژن بھر میں گندم کے تمام سٹاک کی صفائی( فیومیگیشن) مکمل کر لی گئی ہے جبکہ گندم کے سٹاک کو بارش سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ایس او پیز پر عمل کیا جا رہا ہے،ڈویژن بھر میں 471145.938 میٹرک ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں فلور ملز، آٹا ڈیلرز اور ریٹیل شاپس کی چیکنگ کا عمل مزید تیز کیا جائے گا،کسی بھی سطح پر آٹے کی مہنگے داموں فروخت پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
