حکومت نے اداروں کے خلاف سوشل میڈیا مہم کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی

حکومت نے اداروں کے خلاف سوشل میڈیا مہم کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف منظم مہم کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی ہے، آئی جی اسلام آباد جے آئی ٹی کی سربراہی کریں گے، ایف آئی اے سائبر کرائم کے ڈائریکٹر، ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ کے ڈائریکٹر، اسلام آباد کے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور اسلام آباد سی ٹی ڈی کے ایس ایس پی جے آئی ٹی کے ارکان ہوں گے، حکومت کی تشکیل کردہ یہ جے آئی ٹی موصول شدہ مواد کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاست کے خلاف منظم مہم کی تحقیقات کرے گی۔بتایا جارہا ہے کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے ریاست مخالف پروپیگنڈے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا، وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث ہے جس کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی جارہی ہے، اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ اور پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رﺅف حسن کو گرفتار کیا تھا اور ابتدائی تفتیش و ڈیجیٹل مواد کی روشنی میں پی ٹی آئی کے ڈیجیٹل میڈیا وِنگ پر اسلام آباد پولیس اور ایف آئی اے کی ٹیم نے چھاپہ مارا تھا، ان دونوں افراد سے ڈیجیٹل میڈیا ونگ اور پروپیگنڈے کے حوالے سے تفتیش کی جائے گی۔چند روز قبل اسلام آباد کے ایس ایس پی حسن جہانگیر ووٹو کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے اسلام آباد میں قائم پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ پر چھاپہ مارا تھا، پولیس کی بھاری نفری نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹریٹ پر چھاپہ مار کرپورے سیکرٹریٹ کواپنے گھیرے میں لے لیا تھا، اس دوران وفاقی دارالحکومت اسلا م آباد کی پولیس نے پی ٹی آئی رہنماء اور مرکزی ترجمان رﺅف حسن کو گرفتار کر لیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں