ملک بھر میں مون سون کا زور دار سپیل، شہروں میں رین ایمرجنسی نافذ

ملک بھر میں ساون کے دھواں دھار سپیل کا آغاز ہوچکا ہے، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور کراچی میں بادل برس پڑے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں جیل روڈ، کینال روڈ، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک اور اطراف میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔باغوں کے شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ حبس اور گرمی کی بھی چھٹی ہوگئی۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، بارش کے باعث علاقے زیر آب آگئے، جڑوں شہروں میں مجموعی طور پر 50 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی میں کٹاریوں کے مقام پر پانی کی سطح 9 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔علاوہ ازیں پنجاب کے مختلف شہروں گجرات اور اٹک میں بھی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ہری پور میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جی ٹی روڈ دریا کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جنوبی علاقوں تک پھیلنے کا امکان ہے۔اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور بلوچستان میں بارشیں متوقع ہیں، مظفر آباد میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، راولپنڈی سے مظفرآباد کو ملانے والی شاہراہ دلائی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہو چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں