پنجاب حکومت نے 5ہزار863سرکاری سکولوں کی نجکاری مکمل کر لی

پنجاب حکومت نے پہلے مرحلے میں صوبے بھر کے 5ہزار863سرکاری سکولوں کی نجکاری مکمل کر لی۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق صوبائی حکومت کی طرف سے طلبہ اور اساتذہ تنظیموں کے احتجاج اور ہڑتالوں کے باوجود یہ سکول پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں پرائیویٹ سیکٹر کو دیئے گئے سکولوں میں راولپنڈی کے 350سکول بھی شامل ہیں۔رواں ہفتے ان سکولوں کو این جی اوز، پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن (پی ای ایف) اور دیگر مختلف پرائیویٹ گروپس کے حوالے کر دیا جائے گا۔دوسرے مرحلے میں مزید 7ہزار137سرکاری سکولوں کی نجکاری کی جائے گی، جس کے لیے درخواستوں کی وصولی کے بعد جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔ یہ سکول موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے سے قبل ہی پرائیویٹ انتظامیہ کے حوالے کر دیئے جائیں گے۔ 15اگست کو یہ سکول پرائیویٹ انتظامیہ کے ماتحت ہی کھلیں گے۔
رپورٹ کے مطابق پرائیویٹ ہونے والے 5ہزار863سکولوں کے اساتذہ کو دوسرے سرکاری سکولوں میں ٹرانسفر کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ ان سکولوں کی نئی انتظامیہ اپنے اساتذہ اور ہیڈ ماسٹرز لائے گی۔ پرائیویٹ ہونے والے سکولوں کے ایڈمنسٹریٹرز اور پرنسپلز کی تنخواہ 50ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ اساتذہ کو 30سے 40ہزار روپے کے درمیان تنخواہ ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں