ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے حالیہ بارشوں کے بعد کراچی حیدرآباد اور سندھ کے دیگر شہروں کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے.ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ سندھ بالخصوص کراچی میں ہونے والی بارشوں نے سندھ حکومت اور بلدیاتی حکومتوں کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے،ہلکی بارشیں ہونے پر کراچی کا برا حال ہے اگر بارشیں موسلا دھار ہوگئیں تو شہر کا کیا حشر ہوگا، موجودہ بارشوں سے پہلے سے تباہ حال صوبے اور شہر کراچی کا حال مزید ابتر ہوگیا ہے، سندھ کے دیگر شہروں کے ساتھ بارش کے بعد کراچی کی خستہ حال سڑکوں نے شہریوں کا سفر کرنا بھی عذاب بنا دیا ہے۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ قبضہ میئر اور بلدیاتی نمائندے دوران بارش گلی محلوں اور سڑکوں پر کہیں دکھائی نہیں دے رہے ہیں، صوبائی وزرا اور میئر اپنی اربوں روپے کی ایئر کنڈیشنڈ گاڑیوں میں گھوم کر کراچی کو لندن اور پیرس دکھانا بند کریں، نام نہاد رین ایمرجنسی کے دعوے گلیوں اور ٹوٹی سڑکوں پر بارش اور سیوریج ملے پانی کے تالابوں میں ڈوب چکے ہیں، اگر قبضہ میئر فوٹو سیشن کے بجائے ایمانداری سے کام کر لیتے تو شہر کی صورتحال بہتر ہوتی۔
