ایران میں حجاب کو لے کر قوانین کے نفاذ کے لیے اخلاقی پولیس نے ایک بار پھر کوششوں کو تیز کرتے ہوئے سڑکوں پر گشت شروع کردیا۔ میڈیا کے مطابق ایران حکام نے ایک بار پھر ملک میں اخلاقی پولیس کو سڑکوں پر آنے کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد پولیس اہلکاروں نے حجاب کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے پیٹرولنگ شروع کردی ہے۔
ایرانی سکیورٹی ادارے کے ترجمان سعید منتظر المہدی نے تصدیق کی کہ حکام نے خواتین کو حجاب کا پابند بنانے کے لیے ایک نئی مہم کا آغاز کیا ہے جس کے لیے اخلاقی پولیس کے اہلکار پیدل اور گاڑیوں پر پیٹرولنگ کررہے ہیں جس میں مناسب طریقے سے حجاب نہ ہونے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران میں پولیس کے مرد اور ٰخواتین اہلکار وں کو گشت کرتے بھی دیکھا گیا ہے۔
عوامی مقامات پر حجاب نہ کرنے والی خواتین کو مطلع اور خلاف ورزی کرنے والوں کی گرفتاری پر دوبارہ کام شروع کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں خواتین اور بعض اوقات مردوں کو خبردار کرنے کا کام سونپا گیا ہے تاکہ مرد وخواتین اپنے لباس کو درست کریں۔