معروف بھارتی ٹی وی اور فلم اداکار علی گونی نے رمضان المبارک کے مہینے میں عمرے کی ادائیگی کی سعادت حاصل کرلی۔
علی گونی نے اپنے آفیشل فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی خانہ کعبہ سے تصاویر شیئر کی ہیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔
ایک تصویر میں علی خانہ کعنہ کے سامنے کھڑے ہیں جبکہ دوسری تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے اپنے سر کے بال منڈوا لیے ہیں۔ اس تصویر کے ساتھ اداکار نے انکشاف کیا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ عمرے کی ادائیگی کے دوران اپنا سر منڈوایا ہے۔
پوسٹ کے کیپشن میں علی گونی نے حدیث مبارک کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کے مطابق رمضان میں عمرے کی ادائیگی، حج کے برابر ہے‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’میرا عمرہ حج کے برابر ہے اور یہ بات اسلامی لحاظ سے بہت اہمیت رکھتی ہے کیونکہ اس مبارک ماہ رمضان میں عمرے کی ادائیگی کی فضیلت زیادہ ہے‘۔
مداح اور انسٹاگرام صارفین علی گونی کو عمرے کی ادائیگی پر مبارکباد دے رہے ہیں اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کررہے ہیں۔