یورپی یونین کے ایک عہدیدار نے کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں ختم ہونے والے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر پابندیوں کو برقرار رکھنے کیلئے یورپی یونین کے سامنے کوئی رکاوٹ نہیں، تاہم ایران پر پابندیوں میں نرمی کا ایک موقع ضرور موجود ہے۔ برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یورپی یونین کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایران پر پابندیوں میں نرمی کیلئے انہیں رواں برس کے اختتام تک ایک موقع نظر آتا ہے کہ ہم مذاکرات کی کوشش کریں اور جوہری معاملے میں کسی ڈیل پر پہنچ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس یہ چھوٹا سا موقع ہی بچتا ہے کہ اس سال کے اختتام پذیر ہونے سے قبل مذاکرات کے ذریعے ایران کو 2015 کے جے سی پی او (Joint Comprehensive Plan of Action) معاہدے پر واپس لائیں یا کم از کم جوہری پھیلاؤ کو روکنے سے متعلق کوئی معاہدہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ 2015 میں ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ممالک برطانیہ، فرانس اور جرمنی بھی ایران پر پابندیاں برقرار رکھنے کے معاملے پر تقریباً رضامند ہوگئے ہیں اس لیے انہیں پابندیاں برقرار رکھنے کے معاملے پر کوئی رکاوٹ نظر نہیں آ رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ یورپی یونین کے رکن ممالک کے ایک اجلاس میں اکتوبر کے مہینے میں ایکسپائر ہونے کے بعد بھی ایران پر عائد پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔