بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی جانب سے اسپشل جج سینٹرل اسلام آباد کی عدالت میں 2 متفرق درخواستیں دائر کردی گئیں۔
اسپیشل جج سنٹرل اسلام آباد کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے درخواستیں دائر کیں۔ ایک درخواست عمران خان کی بچوں سے بات نہ کروانے کے خلاف دائر کی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ جیل حکام نے بانی پی ٹی آئی کی بچوں سے بات کروانے کے عدالت کے پہلے احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ عمران خان کی بچوں سے ہفتہ وار بات کروانے کا حکم دیا جائے۔
دوسری درخواست بانی پی ٹی آئی کا ریگولر بنیادوں پر میڈیکل چیک اپ کروانے کے لیے دائر کی گئی۔ درخواست میں ڈاکٹر محمد عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کے نام شامل ہیں۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کا میڈیکل چیک اپ نہیں کروایا جا رہا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ عمران خان کا پابندی سے میڈیکل چیک کروانے کا حکم دیا جائے۔
اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدم دستیابی کی باعث درخواست کی سماعت 14 اپریل کو ہو گی۔