آل ڈمپر ٹرک ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کراچی کے صدر نے خبردار کیا ہے کہ اگر 10 یا 12 اپریل کو انتشار پھیلایا گیا تو مزاحمت کریں گے۔
کراچی پریس کلب میں عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل ڈمپر ٹرک ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی لیاقت محسود نے کہا کہ سندھ حکومت نے صبح سے 6 سے 10 تک پابندی لگائی تو ہم نے اس قانون پر عملدرآمد کیا۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال میں اب تک ہونے والے ٹریفک حادثات کے باعث 249 لوگ جاں بحق ہوئے ہیں جن میں سے صرف 17 لوگ ڈمپر سے جاں بحق ہوئے اور سب کو معلوم ہے کہ سڑک پر کسی بھی وقت حادثات ہوسکتے ہیں۔
حاجی لیاقت محسود نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ٹیکس دینے والے ہیں لینے والے نہیں، ہم مافیاز کو بھی دیتے ہیں ٹیکس بھی بروقت ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ 10 یا 12 اپریل کو بھی اگر کسی قسم کا انتشار پھیلایا گیا تو اس کے خلاف مزاحمت ہوگی، جو پارٹی اس پر سیاست کر رہے ہیں ان کیلئے 16 تاریخ کو جمع ہوں اور پورے ملک میں احتجاج کریں گے۔
ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر نے مطالبہ کیا کہ مئیر کراچی، آئی جی، ڈی ائی جی ٹریفک سے مطالبہ ہے کہ باقی گاڑیوں پر پابندی لگائیں کیونکہ ہم نے پابندی پر عملدرآمد کیا لیکن بڑی گاڑیاں اور بسز چل رہی ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر مہاجر قومی موومنٹ کے سربراہ آفاق احمد نے 12 اپریل کو کراچی میں بھرپور پُرامن عوامی احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اس مظاہرے کو ’سفید پرچم تحریک‘ کا نام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت نے پُرامن مظاہرین کو روکا تو پھر عوام اپنے جھنڈوں کے ڈنڈوں سے مافیاز کا مقابلہ کریں گے۔