سعودی عرب اور ترکیہ نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے معاہدوں پر دستخط کردیے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی شہر جدہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر طیب اردوان کے درمیان ملاقات ہوئی جن کی موجودگی میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی، میڈیا، دفاعی انڈسٹری، ریسرچ اور ڈیولپمنٹ کے شعبوں کے معاہدے پر ایم او یوز سائن کیے گئے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب ترکیہ کی دفاعی کمپنی بیکر (Baykar) کے ساتھ دو معاہدوں پر دستخط کررہا ہے۔اس حوالے سے سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ وزارت دفاع اور بیکر کے درمیان دو معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت سعودی عرب کو ڈرونز فراہم کیے جائیں گے جس کا مقصد مملکت کی مسلح افواج کی تیاری سمیت اس کی دفاعی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔