راولپنڈی:
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہمیں حراست میں لے جاکر یہ جہاں بھی چھوڑیں گے ہم واپس اڈیالہ کے باہر آئیں گے اور اُس وقت تک بیٹھیں گے جب تک بھائی سے ملاقات نہیں ہوجاتی۔
اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کے حراست میں لیے جانے سے قبل علیمہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ عمران خان کو آئیسولیٹ کرنے کے لیے ہو رہا ہے،انکے بچوں،فیملی اور ڈاکٹروں سے ملاقات بند کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا جیل قوانین کے مطابق حق ہے کہ وہ اپنے وکلاء سے ملاقات کریں، پچھلی ملاقات میں سلمان صفدر اور بیرسٹر گوہر کو اندر جانے دیا ظہیر عباس چوہدری کو روک لیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے سارے حقوق لے لیے گئے ہیں،جنہوں نے بانی سے ملاقات کرنی ہے ان کو یہ بند کر رہے ہیں۔ ہم کوئی غیر آئینی چیز نہیں کر رہے ہم یہاں پر پرامن بیٹھے ہیں یہ غیر آئینی کام کر رہے ہیں۔
https://cdn.jwplayer.com/players/rXuMu2GI-jBGrqoj9.html
علیمہ خان نے کہا کہ یہ ہمیں جیل میں لے جائیں تو ٹھیک ہے اگر ہمیں کہیں چھوڑیں گے تو ہم واپس آ جائیں گے، جب تک بھائی سے ملاقات نہیں کراتے ہم نے اڈیالہ جیل کے باہر ہی رہنا ہے یا اڈیالہ جیل کے اندر جائیں گے یا باہر بیٹھیں گے۔
بانی پی ٹی آئی کی بہن نے کہا کہ انہوں نے اگر ہمیں کہیں بیابان میں چھوڑا تو پھر ہم واپس آئیں گے ورنہ پھر یہ جیل لے جائیں۔