اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے اور اسے موجودہ صورت حال میں ڈائیلاگ یا تباہی میں سے ایک راستہ چننا ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے دنیا، بشمول بھارت، پر یہ ثابت کر دیا ہے کہ پہلگام واقعے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، جبکہ بھارت اپنی نااہلی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے کبھی سر جھکا کر جینا نہیں سیکھا، پاکستان جدوجہد کے نتیجے میں قائم ہوا اور اس قوم کی جدوجہد جاری رہے گی۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی عروج پر ہے اور وہاں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے، جسے بند کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے، اس لیے پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کے سامنے بھارت کی دہشت گردی کے ثبوت رکھے ہیں اور بھارت کے ہاتھ سری لنکا اور کینیڈا میں ہونے والی دہشت گردی سے رنگے ہوئے ہیں۔
بھارتی حکومت غیر ذمے داری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج سرحدوں پر ملک کے دفاع کے لیے تیار کھڑی ہیں، اور اگر بھارت نے کوئی حماقت کی تو افواج پاکستان قوم کی مدد سے بھرپور جواب دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سندھی، پنجابی، پٹھان، بلوچ یا کشمیری بعد میں ہیں، سب سے پہلے پاکستانی ہیں، اور ہم متحد ہو کر دشمن کو ایک دل، ایک ذہن اور ایک مکے سے جواب دیں گے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ اگر بھارت جنگ پر تُلا ہوا ہے تو جان لے کہ ہم بھی ہر طرح کے مقابلے کے لیے تیار ہیں، اور بھارت کا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ آج پوری قوم متحد ہے اور پاکستان کی ہر نسل جنگ کے مراحل سے گزری ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا مکمل جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔