سندھ حکومت نے نمبر پلیٹ کے نام پر کراچی کے شہریوں کو لوٹنے کا نیا راستہ نکال لیا، فاروق ستار

کراچی:

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی کے سینئر رکن ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں کو لُوٹنے کا نیا راستہ نکال لیا، نمبر پلیٹس کے نام پر کراچی ٹریفک پولیس شہریوں سے بھتہ وصول کر رہی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے کروڑوں روپے روزانہ رشوت لی جاتی ہے جو اوپر تک جاتی ہے، کراچی میں ٹریفک پولیس کی رشوت ستانی ایک صنعت کا درجہ اختیار کرچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ٹریفک پولیس کو وردی کے نام پر کھلی بدمعاشی نہیں کرنے دے گی، کراچی ٹریفک پولیس ڈمپر مافیا کے ہاتھوں سیکڑوں شہریوں کی جان کو محفوظ نہیں بنا سکی، شہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں ان مسائل کو کوئی حل کرنے والا نہیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کراچی کی سڑکیں موہنجوداڑو جیسی کردی ہیں اور چالان امریکا جیسے لینے کی خواہش ہے، سندھ حکومت کراچی کے شہریوں سے ٹوٹی سڑکوں سے گزرنے کا حق بھی چھیننا چاہتی ہے۔

انہوں ںے مزید کہا کہ کراچی کے شہریوں کے صبر کا بند ٹوٹ گیا تو اُس سیلاب میں سب حکومتیں بہہ جائیں گی، حکومت سندھ اپنی ناقص حکمت عملی اور ظلم و ناانصافی کے سلسلوں کو بند کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں