خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق امیدوار قومی اسمبلی مولانا خان زیب قاتلانہ حملے میں ساتھی سمیت شہید ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق باجوڑ کی تحصیل خار کے ہیڈکوارٹر سے چند قدم فاصلے پر شنڈئی موڑ پر نامعلوم افراد کی جانب سے مولانا خان زیب کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس میں تین افراد زخمی ہوئے۔
حملے میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری برائے امور علما اور باجوڑ موقع پر شہید ہوگئے جبکہ سیکیورٹی پر مامور اہلکار شیر زادہ بھی شہید ہوگئے۔
فائرنگ سے زخمیوں میں ڈاکٹر طارق، شاہ سوار اور عثمان شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق مولانا خان زیب باجوڑ میں 13 جولائی کو ہونے والے امن مارچ کے حوالے سے مہم چلا رہے تھے کہ شنڈئی موڑ میں نامعلوم افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے مولانا خان زیب اور پولیس اہلکار شیر زادہ موقع پر شہید ہو گئے جبکہ تین ساتھی شدید زخمی ہو گئے۔