کراچی:
شہر قائد پر آج بادلوں کا راج ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے کل اتوار کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی کا موسم زیادہ تر ابرآلود ہے، جس کے باعث بارش کے امکانات بڑھ رہے ہیں، تاہم اتوار کو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ صوبے کے بیشتر علاقوں میں مون سون کی تیز ہوائیں مسلسل داخل ہو رہی ہیں۔ آج گھوٹکی، خیرپور، سانگھڑ، میرپورخاص، عمرکوٹ، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدر آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، مٹیاری، سکھر، شکارپور، شہید بینظیر آباد، نوشہرہ، لاڑکانہ میں کہیں درمیانے درجے اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح قمبر شہدادکوٹ کے اضلاع میں وقفے وقفے سے جب کہ جامشورو ضلع میں کل تک ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ دیہی سندھ میں تیز بارشوں کی وجہ سےنشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسم کی شدت کی صورت میں کمزور ڈھانچے کے حامل کچے مکانات، بجلی کے کھمبوں، گاڑیوں اور سولر پینلز کونقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔