ایف بی آر ذرائع کے مطابق ٹھیکیدار، بینک کھاتہ دار اور درآمدکنندگان کے بعد تنخواہ دار طبقہ ودہولڈنگ ٹیکس میں چوتھا بڑا شراکت دار ہے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی مالی سال میں تنخواہ دارافرادنے 264.3 ارب روپے ٹیکس ادا کیا، تنخواہ دار طبقے کی 35 فیصد شرح سے ٹیکس کی مد میں ادا رقم 75 ارب روپے سے زیادہ تھی جب کہ ٹیکس کی مد میں ادا کی گئی یہ رقم پچھلے سال کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ تھی۔ ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہےکہ گزشتہ بجٹ میں تنخواہ دارطبقے کے ٹیکس میں اضافہ زیادہ ٹیکس وصولی کی وجہ بنا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال میں ایف بی آر نے ود ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں 2 کھرب روپےسے زائد جمع کیے، ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں جمع رقم ایف بی آر کی حاصل کل انکم ٹیکس کے 61 فیصدکے برابر تھی، جمع انکم ٹیکس کی زیادہ رقم ٹھیکیدار، بچت کھاتہ دار، درآمدکنندگان اور تنخواہ دارافراد کی آمدنی سے تھی جب کہ جمع انکم ٹیکس کی زیادہ رقم نان فائلرز کے بجلی اور ٹیلیفون بل سے تھی۔ ایف بی آر ذرائع کا بتانا ہےکہ جمع انکم ٹیکس کی زیادہ رقم موبائل فون یوزرز اورڈیویڈنڈ کی آمدنی سے بھی تھی، جائیدادکی خرید و فروخت، برآمدات اور غیرملکی آمدنی کی فیس ٹیکس وصولی کے بڑے ذرائع رہے، بروکریج کمیشن،کاروں کی رجسٹریشن پر ٹیکس بھی وصولی کے بڑے ذرائع رہے۔