پاکستانی نژاد سابق اداکارہ اریج فاطمہ نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر اپنے حجاب کے حوالے سے ہونے والی تنقید پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔
کئی ڈراموں میں اداکاری کیلئے مشہور اریج فاطمہ شادی کے بعد امریکہ منتقل ہو چکی ہیں اور اسلام کے خاطر شوبز کی دنیا کو خیر باد کہہ کر اپنے شوہر ڈاکٹر اوزیر اور دو بیٹوں کے ساتھ پرسکون زندگی گزار رہی ہیں۔
چند ماہ قبل اریج فاطمہ نے بتایا تھا کہ وہ باقاعدگی سے حجاب کرنا شروع کر چکی ہیں اور انہوں نے اپنی کینسر کی تشخیص اور کامیاب علاج کے بارے میں بھی مداحوں کو آگاہ کیا تھا۔ ان کے مداحوں نے ان کے حوصلے اور مذہبی رجحان کی تعریف کی، تاہم حال ہی میں اداکارہ نے بتایا کہ حجاب کے بعد انہیں غیر ضروری تنقید اور مشوروں کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ جب وہ اسکارف نہیں لیتی تھیں تو زندگی نسبتاً آسان تھی، لیکن اب لوگ انہیں بتانے لگے ہیں کہ حجاب کے ساتھ کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں۔ اریج فاطمہ نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی سفر ہے اور دوسروں کو چاہیے کہ وہ غیر ضروری رہنمائی سے گریز کریں۔
سوشل میڈیا پر جاری سابقہ اداکارہ کے اس بیان پر متعدد خواتین نے ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے اور جب سے حجاب شروع کیا ہے ہر کوئی یہ بتانے کی کوشش کرتا ہے کہ کیا کرنا صحیح ہے اور کیا غلط۔