پیمرا ترمیمی بل تمام میڈیا ورکرز کیلئے ہے، مریم اورنگزیب

پیمرا ترمیمی بل تمام میڈیا ورکرز کیلئے ہے، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پیمرا ترمیمی بل 2023 تمام میڈیا ورکرز کیلئے ہے۔مریم اورنگزیب نے پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا ترمیمی بل سینیٹ میں پیش کردیا گیا، بل کی تیاری میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کی تعریف میں غلطی کی گنجائش رکھی ہے، پی آر اے، تمام میڈیا تنظیموں، پارلیمنٹ، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے اتفاق رائے سے اسے منظور کیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ سینیٹرز کی بھی اس میں رائے ہو، اس بل کو متنازعہ نہیں بنانا چاہتی، میں نے چیئرمین سینیٹ سے درخواست کی کہ اس بل پر سینیٹرز کی رائے لی جائے، چیئرمین سینیٹ نے میری درخواست منظور کرتے ہوئے اس بل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بھیج دیا ہے۔انکا کہنا ہے کہ موجودہ دور وہ دور نہیں جب چلتے پروگرام بند ہوں، جب ملک کے وزیراعظم کو پریڈیٹر کہا جائے۔ پچھلے چار سال ہم نے ڈبہ، بالٹی اور کنستر ڈال کر اظہار رائے کا مقابلہ نہیں کیا بلکہ سر اٹھا کر بہادری سے مقابلہ کیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس بل پر رائے آنی چاہیے لیکن یہ رائے تعمیری ہونی چاہیے، اس بل کی تیاری میں پوری دنیا سے بہترین طریقوں کو شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون سازی ایک سنجیدہ عمل ہے۔ چیئرمین سینیٹ کو اختیار ہے کہ وہ کمیٹی کے ممبران میں سے کسی کو بھی قائم مقام چیئرمین بنا سکتے ہیں، کسی تنظیم کے نام سے اس بل کے اندر نمائندگی شامل نہیں، اس میں میڈیا نمائندگان، میڈیا ورکرز یا صحافی کو شامل کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پیمرا ترمیمی بل 2023ء کے پیچھے اچھی نیت ہے، انشاءاللہ یہ بل سینیٹ سے بھی منظور ہوگا، یہ بل تمام میڈیا ورکرز کے لئے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں