چودھری پرویز الٰہی منی لانڈرنگ کیس میں طلب

چودھری پرویز الٰہی منی لانڈرنگ کیس میں طلب

اسپیشل کورٹ سنٹرل لاہورنے سابق وزیراعلٰی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو منی لانڈرنگ کیس میں طلب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق عدالت نے آئی جی پنجاب کو ملزم پرویز الٰہی کو اڈیالہ جیل سے لا کر 26 جولائی کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کو پیش نہ کرنے کی صورت میں آئی جی پنجاب کیخلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔اسپیشل کورٹ سنٹرل کے جج بخت فخر بہزاد نے منی لانڈرنگ کے نامکمل چالان پر ملزم کو طلب کیا۔ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں مونس الٰہی، جبران خان کو بھی نامزد کیا ہے۔عدالت نے مونس الٰہی اور جبران خان کے درست ایڈریس، بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی مانگ لیں۔اسپیشل کورٹ سنٹرل نے مونس الٰہی اور جبران خان کے پاسپورٹ، شناختی کارڈز کی تفصیلات بھی جمع کروانے اور آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کو ملزم مونس الٰہی اور جبران خان کی ٹریول ہسٹری بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل سے پرویز الٰہی کی 21 جون سے 18 جولائی تک حراست پر وضاحت مانگ لی اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل کو پرویز الٰہی کو 5 جولائی کو عدالت پیش نہ کرنے پر بھی وضاحت دینے کا حکم دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں