اسلام آباد: ایران کے سیکرٹری قومی سلامتی ڈاکٹر علی لاریجانی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔
ایک نجی پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹر لاریجانی کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں پائیدار امن کے لیے ہر سطح پر تعاون کرنے کو تیار ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گا اور اگر اسلام آباد کوئی ذمہ داری سونپے گا تو تہران اسے پوری قوت کے ساتھ نبھائے گا۔ ان کے مطابق ایران کشیدگی کے خاتمے اور اعتماد سازی کے اقدامات میں مسلسل فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔
ڈاکٹر لاریجانی نے دعویٰ کیا کہ مستقبل میں بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملے کا کوئی امکان نہیں، جبکہ ایران صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اپنا سفارتی کردار جاری رکھے گا۔
ایرانی سیکرٹری قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان اور اس کے عوام سے گہری وابستگی رکھتا ہے اور خطے میں امن کا قیام اس کی اخلاقی اور علاقائی ذمہ داری ہے۔
