چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اپنے منصب سے سبکدوش ہوگئے۔ 27ویں آئینی ترمیم کے نفاذ کے بعد ان کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ ہی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) کا منصب بھی باضابطہ طور پر ختم کر دیا گیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے تین برس تک چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے طور پر خدمات انجام دینے کے بعد عہدہ چھوڑا۔ انہوں نے پاک فوج میں مجموعی طور پر 40 سالہ شاندار فوجی خدمات سرانجام دیں۔
جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مسلح افواج کے درمیان رابطہ، تعاون اور ہم آہنگی کے لیے قائم کیا گیا ایک اہم انٹر سروسز فورم تھا۔ تاہم پارلیمنٹ کی جانب سے منظور شدہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت یہ عہدہ ختم کردیا گیا ہے، جبکہ آرمی چیف اب چیف آف ڈیفنس فورسز کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔
الوداعی تقریب اور خطاب
جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور یہ تبدیلی ہماری داخلی و خارجی چیلنجز پر گہرے اثرات ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اثرات ہائبرڈ جنگی حکمت عملی سے لے کر روایتی جنگ تک پھیلے ہوئے ہیں، ایسے میں مسلح افواج کو مزید ہم آہنگی، مربوط تعاون اور یکسوئی کے ساتھ تیار رہنے کی ضرورت ہے۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ وہ مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی، مشترکہ حکمت عملی اور تعاون کو محض خواہش نہیں بلکہ وقت کی اہم ضرورت سمجھتے ہیں۔
