جوڈیشل کمیشن کا اجلاس: سپریم کورٹ اور دو ہائیکورٹس کیلئے اہم ناموں کی سفارش
اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ہونے والے جوڈیشل کمیشن پاکستان کے اہم اجلاس میں اعلیٰ عدلیہ میں تقرریوں سے متعلق بڑی سفارشات پیش کر دی گئیں۔ اجلاس میں سپریم کورٹ اور صوبائی ہائیکورٹس کیلئے مستقل ججز اور چیف جسٹسز کے تقرر پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ کا مستقل جج تعینات کرنے کی سفارش کر دی ہے۔ وہ اس وقت سپریم کورٹ میں قائم مقام جج کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
اجلاس میں جسٹس ظفر احمد راجپوت کو سندھ ہائیکورٹ کا مستقل چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش بھی منظور کی گئی۔ وہ قبل ازیں سندھ ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔
اسی طرح بلوچستان ہائیکورٹ کیلئے جسٹس محمد کامران ملا خیل کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعینات کرنے کی سفارش دی گئی ہے۔ جسٹس ملا خیل بھی اس وقت قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
جوڈیشل کمیشن کی یہ سفارشات منظوری کیلئے اب پارلیمانی کمیٹی برائے ججیز تقرری کو ارسال کی جائیں گی، جہاں حتمی منظوری کے بعد انہیں باضابطہ طور پر تعینات کیا جائے گا۔
