میکسیکو منشیات سمگلر گروہوں کے خونی تصادم کے حوالے سے بھی شہرت رکھتا ہے جو آئے دن ایک دوسرے کے کارندوں کے خون سے ہولی کھیلتے رہتے ہیں۔ میکسیکو کی ریاست ویراکروز جرائم پیشہ عناصر کے سب سے زیادہ نرغے میں ہے جہاں آئے روز قتل و غارت گری کی ہولناک وارداتیں ہوتی رہتی ہیں۔ گزشتہ روز پولیس نے اس ریاست کے شہر پوزا ریکا کے ایک علاقے سے فریزرز میں رکھی گئیں 13لاشیں برآمد کی ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق مقامی پراسکیوٹر ویرونیکا ہرنینڈیز نے بتایا ہے کہ پولیس کو تین مغویوں کی تلاش تھی۔ آفیسر نے ان لوگوں کی تلاش میں ایک اپارٹمنٹ میں چھاپہ مارا جہاں فریزر سے دو آدمیوں کی لاشیں برآمد ہو گئیں۔ اس پر پولیس نے آس پاس کے دیگر اپارٹمنٹس کی تلاشی لی تو مزید فریزر سے مل گئیں۔پولیس کو ان گھروں سے مجموعی طور پر 13لاشیں ملیں۔ واضح رہے کہ لاطینی امریکہ کے اس ملک میں 2006ءکے بعد سے اب تک 4لاکھ قتل رپورٹ ہو چکے ہیں۔ 1962ءسے اب تک اس ملک میں 1لاکھ 10ہزار لوگ لاپتہ ہو چکے ہیں، جن کے پیچھے انہی جرائم پیشہ گینگز کا ہاتھ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام لوگ بھی ممکنہ طور پر موت کے گھاٹ اتارے جا چکے ہیں۔
