سعودی عرب کا پاکستان سمیت 4 ممالک کے عمرہ زائرین کو فوڈ واؤچرز دینے کا فیصلہ

سعودی عرب کی حکومت نے پاکستان، بھارت، مصر اور بنگلہ دیش سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے نُسک فوڈ واؤچر کا نیا نظام لازمی طور پر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت ہر زائر کو روزانہ کے کھانے کی مد میں تقریباً 20 سعودی ریال ادا کرنے ہوں گے، اور یہ رقم پہلے سے ہی زائرین کی عمرہ ویزا فیس کے کل اخراجات میں خود بخود شامل کر دی جائے گی۔سعودی حکام نے اس اقدام کے تحت ہوٹل کی بکنگ، ٹرانسپورٹ، کھانا اور دیگر تمام سفری سہولیات کو نُسک ایپ کے ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر اکٹھا کر دیا ہے۔اس منصوبے میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تقریباً 10 ہزار ریستورانوں کو شامل کیا گیا ہے۔ہر عمرہ زائر کو اس کے ویزے سے منسلک ایک خصوصی کوڈ دیا جائے گا، جس کی مدد سے زائرین اس نیٹ ورک میں شامل کسی بھی ریستوران سے آسانی سے اپنا کھانا حاصل کر سکیں گے۔اس نئی پالیسی کا باقاعدہ اطلاق یکم ربیع اول سے ہو گا۔سعودی حکام کی جانب سے اس نئے نظام کو متعارف کرانے کا بنیادی مقصد زائرین کو کھانے پینے کی معیاری سہولیات فراہم کرنا، خدمات کے معیار میں بہتری لانا اور غیر رجسٹرڈ سروس پرووائیڈرز کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔دوسری جانب اس نئی پالیسی کے باعث عمرہ پیکجز کی مجموعی لاگت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور مصر کے ٹور آپریٹرز کو اپنے عمرہ پیکجز میں لازمی کیٹرنگ چارجز شامل کرنا ہوں گے، جس کے باعث وہ اپنے پیکجز اور قیمتوں پر نظرثانی کر رہے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں اس نئے نظام کے اثرات عمرہ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں اور زائرین دونوں پر نمایاں ہو سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں

11 + 2 =